ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امریکی میڈیا جمہوریت کو نقصان پہنچا رہا ہے: ٹرمپ

امریکی میڈیا جمہوریت کو نقصان پہنچا رہا ہے: ٹرمپ

Tue, 18 Jul 2017 14:43:19    S.O. News Service

اسلام آباد، 17؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے صاحبزادے کی روس کی ایک وکیل کے ساتھ ملاقات کی خبریں دینے والے رپورٹروں پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ امریکی میڈیا جمہوریت کو نقصان پہنچا رہا ہے۔صدر ٹرمپ نے اتوار کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہیلری کلنٹن کو صدارتی انتخابی مہم کے دوران ہونے والی بحث کے سوال غیر قانونی طور پر پہنچائے جاسکتے ہیں اور وہ 33ہزار ای میل ڈیلیٹ کرسکتی ہیں لیکن ’جعلی نیوز میڈیا‘برستا میرے بیٹے ڈان پر ہے۔اپنے ایک اور ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے الزام لگایا کہ امریکی میڈیا، جسے انہوں نے ٹوئٹ میں ’فیک نیوز‘قرار دیا، اپنے تمام نامعلوم ذرائع اور متعصب اور فراڈ رپورٹنگ کے ذریعے ہمارے ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچا رہا ہے۔وہائٹ ہاوس کے نامہ نگاروں کی انجمن نے امریکی صدر کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک آزاد اور خود مختار پریس جمہوریت کے لیے ضروری ہے۔گزشتہ ہفتے امریکی ذرائع ابلاغ نے خبر دی تھی کہ گزشتہ سال انتخابی مہم کے دوران صدر ٹرمپ کے بیٹے ڈونالڈ جونیئر نے ایک روسی وکیل سے ملاقات کی تھی ،کیوں کہ انہیں پتہ چلا تھا کہ اس وکیل کے پاس انتخابات میں صدر ٹرمپ کی ڈیموکریٹ حریف ہیلری کلنٹن کے بارے میں بعض ایسی معلومات ہیں جن سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جاسکتا ہے۔ڈونالڈ ٹرمپ جونیئر اس ملاقات کی تصدیق کرچکے ہیں ،جسے کئی حلقوں نے صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ذمہ داران اور روسی حکام کے درمیان رابطوں کا ایک اور ثبوت قرار دیا ہے۔خیال رہے کہ امریکی کانگریس کی دو کمیٹیاں اور محکمہ انصاف کی جانب سے نامزد ایک خصوصی وکیل امریکی صدارتی انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت اور صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے روسی حکام کی مبینہ مدد اور رابطوں کی تحقیقات کر رہے ہیں۔وہائٹ ہاوس نے جون 2016 میں نیویارک میں ہونے والی ٹرمپ جونیئر کی اس ملاقات کا دفاع کیا ہے ،جب کہ صدر ٹرمپ کا موقف ہے کہ انہیں اس ملاقات کا علم نہیں تھا۔دریں اثنا صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک نئے سروے میں اپنی مقبولیت میں کمی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اتنی بھی بری نہیں۔امریکی اخبار’واشنگٹن پوسٹ‘اور نشریاتی ادارے ’اے بی سی نیوز‘کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ سروے کے مطابق، امریکہ میں صدر ٹرمپ کی مقبولیت صرف 36فی صد رہ گئی ہے ،جو کہ تاریخ میں کسی بھی امریکی صدر کی ابتدائی چھ ماہ کے دوران کم ترین ریٹنگ ہے۔سروے کے مطابق ،اپریل 2017 میں صدر ٹرمپ کی مقبولیت 42فی صد تھی ،جو جولائی میں کیے جانے والے سروے میں 36فی صد تک آگئی ہے۔اتوار کو اپنے ایک ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس وقت تقریبا 40فی صد (مقبولیت)بھی بری نہیں۔اپنے ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے گزشتہ سال صدارتی انتخاب سے قبل کیے جانے والے سروے درست ثابت نہ ہونے پر واشنگٹن پوسٹ اوراے بی سی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔


Share: